سابق وزیراعظم نواز شریف کی پاکستان کی اضافی بجلی بھارت کو بیچنےکی تجویز۔
لاہور: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے پاکستان اور بھارت کو تلخ ماضی کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنے کا مشورہ دیتے ہوئے پاکستان کی اضافی بجلی بھارت کو فروخت کرنے کی تجویزبھی دے دی۔
ایس سی او اجلاس کی کوریج کے لیے پاکستان آنے والے بھارتی صحافیوں سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا کہ بھارت کو بجلی کی ضرورت ہے، پاکستان کے پاس بہت زیادہ بجلی ہے، یہ بجلی بھارت کو بیچنی چاہیے، پاکستان بھارت کو سستی بجلی بیچے۔ میں اس کے حق میں ہوں، ایسا ہونا چاہیے۔
نواز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پر صرف تعاون نہیں، دونوں ممالک تجارت شروع کریں، ایک دوسرے کے ساتھ کاروبار کریں، تعلقات اچھے ہوں تو دو گھنٹے میں ضروری سامان پاکستان آسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنا چاہیے۔ اگر آپ بھارتی کرکٹ ٹیم سے پوچھیں تو وہ بھی یہی کہیں گے کہ انہیں کھیلنے کے لیے پاکستان آنا پڑتا ہے۔ ٹیم پاکستان آتی ہے تو کرکٹ کے لیے بہت اچھا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ بہت اچھا ہوتا اگر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی شنگھائی تعاون تنظیم کے لیے پاکستان کا دورہ کرتے۔ بھارتی وزیراعظم تو نہیں آئے مگر وزیر خارجہ ضرور آئے۔
اس موقع پر موجود وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھارتی پنجاب دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور پاکستان کا پنجاب ایک دوسرے سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں